ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بم دھماکوں میں ایک آنکھ گنوانے والے زخمی کی گواہی عمل میں آئی، دفاعی وکیل کی غیر موجودگی کی وجہ سے معاملے کی سماعت ٹلی

بم دھماکوں میں ایک آنکھ گنوانے والے زخمی کی گواہی عمل میں آئی، دفاعی وکیل کی غیر موجودگی کی وجہ سے معاملے کی سماعت ٹلی

Wed, 16 Jan 2019 01:14:12    S.O. News Service

ممبئی 15؍ جنوری(ایس او نیوز؍پریس ریلیز) مالیگاؤں ۲۰۰۸ بم دھماکہ معاملے میں آج ان دھماکوں میں اپنی ایک آنکھ گنوانے والے زخمی شخص کی گواہی عمل میں آئی جس نے خصوصی عدالت کو ۲۹؍ ستمبر ۲۰۰۸ء کو مالیگاؤں کے بھکو چوک نامی علاقے میں رونما ہونے والے بم دھماکوں کے تعلق سے بتایا ۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ممبئی میں واقع خصوصی این آئی اے عدالت میں بطور سرکاری گواہ پیش ہوئے ایک زخمی شخص نے سرکاری وکیل اویناس رسال کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں خصوصی جج ونود پڈالکر کو بتایاکہ ۲۹؍ ستمبر کی شب تقریباً ساڑھے نو بجے کے قریب وہ قدوائی روڈ پر خریداری کے لیئے جارہے تھے لیکن جیسے ہی وہ بھکوا چوک پہنچے زبردست دھماکہ ہوا جس کی وجہ سے علاقے میں دھواں دھواں ہوگیا اور چند افراد اسے زمین پر پڑے ہوئے دیکھائی دیئے ۔

سرکاری گواہ نے عدالت کو مزید بتایا کہ ا سے ان بم دھماکوں میں شدید چوٹیں آئی تھی جس میں ایک آنکھ کا ضائع ہونا اور جسم کے مختلف حصوں میں میں بھی چوٹیں لگی تھیں جس کے بعد اسے بغرض علاج فاران اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں پولس نے اس کا بیان بھی درج کیا تھا۔

سرکاری وکیل کے سوالات کے اختتام کے بعد خراب صحت کی وجہ سے عدالت میں سے غیر حاضر سوامی کے وکیل کی سرکاری گواہ سے جرح کے لیئے عدالت نے ۲۸؍ جنوری کی تاریخ مقرر کردی۔ 

عیاں رہے ابتک اس معاملے میں دفاعی وکیل کی غیر حاضری کی وجہ سے تین سرکاری گواہوں کی گواہیاں نامکمل رہی ہیں جس کی وجہ سے انہیں گواہی کے لیئے دوبارہ طلب کیا جارہا ہے۔

دوران سماعت عدالت میں متاثرین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے وکلاء شاہد ندیم، افضل نواز ، ہیتالی سیٹھ و دیگرموجود تھے۔


Share: